حکومت تیز رفتار معاشی ترقی اور ڈیجیٹل تبدیلی کے وژن پرعمل پیرا ہے، وزیراعظم

حکومت تیز رفتار معاشی ترقی اور ڈیجیٹل تبدیلی کے وژن پرعمل پیرا ہے، وزیراعظم

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے فریڈم ہولڈنگ کارپوریشن کے بانی، چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر تیمور تورلوف کی آج اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔ملاقات کے دوران وزیرِاعظم نے تورلوف کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایوف کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیرِاعظم نے پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، بشمول فریڈم گروپ کی شاخوں کے قیام، ڈیجیٹل مالیاتی خدمات اور کورسپانڈنٹ بینکاری شراکت داریوں میں گہری دلچسپی ظاہر کرنے پر تورلوف کا شکریہ ادا کیا۔

وزیرِاعظم نے اس موقع پر حکومت کے مضبوط اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے عزم کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تیز رفتار معاشی ترقی اور ڈیجیٹل تبدیلی کے وژن پر عمل پیرا ہے۔ وزیرِاعظم نے پاکستان کی نوجوان آبادی اور ملک میں تیزی سے پھیلتے ہوئے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کا حوالہ دیتے ہوئے فریڈم ہولڈنگ کارپوریشن کو پاکستان کی مالیاتی منڈیوں کی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کی دعوت دی۔ دونوں جانب سے ریٹیل بروکریج، اسلامی بینکاری، مالیاتی ٹیکنالوجی کی جدت اور کیپیٹل مارکیٹ کی ترقی جیسے شعبوں میں ممکنہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

تورلوف نے پاکستان کے اقتصادی مستقبل پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمپنی پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ طویل مدتی اسٹریٹجک سرمایہ کاری کے مواقع کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہی ہے۔ملاقات میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ، وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی، معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔

-- مزید آگے پہنچایے --