خلیجی ممالک سے پاکستانیوں کی جبری ملک بدری کی اطلاعات بے بنیاد ہیں، قومی اسمبلی

خلیجی ممالک سے پاکستانیوں کی جبری ملک بدری کی اطلاعات بے بنیاد ہیں، قومی اسمبلی

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد جیل کے عملے کیلئے نئی بھرتیوں کا کوئی امکان نہیں۔

آج قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی نئی تعمیر شدہ جیل کے معاملات چلانے کے لیے پنجاب پولیس، اسلام آباد پولیس اور کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اہلکاروں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

پارلیمانی امور کے وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک سے پاکستانیوں کی جبری ملک بدری کی اطلاعات کو مسترد کر دیا ہے۔

انہوں نے آج شام قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت کے پاس متحدہ عرب امارات یا کسی دوسرے خلیجی ملک سے پاکستانی شہریوں کی جبری ملک بدری کا کوئی ڈیٹا نہیں ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ خبریں بے بنیاد اور محض سوشل میڈیا پوسٹس پر مبنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی وزارت نے سمندر پار پاکستانیوں کے حقوق اور بہبود کے تحفظ کیلئے کئی اقدامات کیے ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت نے تجاوزات، زمینوں پر قبضے اور جائیداد سے متعلق اوورسیز پاکستانیوں کی دیگر شکایات کے ازالے کے لیے ادارہ جاتی، قانونی اور انتظامی اقدامات کا سلسلہ شروع کیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ان کی وزارت مختص فنڈز کو استعمال کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --