بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کے اختتام پر بنگلادیش نے پاکستان کو جیت کیلئے 437 رنز کا ہدف دے دیا۔سلہٹ میں پاکستان کے خلاف کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بنگلہ دیشی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 390 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جس کی بدولت اسے پاکستان پر مجموعی طور پر 436 رنز کی بھاری برتری حاصل ہوئی، پہلی اننگز کے خسارے کو ملا کر اب پاکستان کو یہ ٹیسٹ جیتنے کے لیے ریکارڈ 437 رنز بنانا ہوں گے۔
بنگلہ دیش کی شاندار بیٹنگ اور مضبوط گرفت کے بعد اب پاکستانی بلے بازوں کے لیے کریز پر ٹکنا اور اس میچ کو ہار سے بچانا ایک بہت بڑا چیلنج بن گیا ہے، سلہٹ کی پچ پر چوتھے اور پانچویں دن اتنے بڑے ہدف کا تعاقب کرنا پاکستان کے لیے کسی کڑے امتحان سے کم نہیں ہوگا۔
بنگلا دیش نے میچ کے تیسرے روز اپنی دوسری اننگز کا آغاز 110 رنز 3 وکٹوں سے کیا۔ کپتان نجم الحسن شنتو اور مشفق الرحیم نے کھیل کو آگے بڑھایا، تاہم 115 کے مجموعی اسکور پر بنگلا دیش کو چوتھا جھٹکا لگا جب نجم الحسن شنتو 15 رنز بنا کر خرم شہزاد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔