سہ فریقی سیریز اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے قومی ویمنز ٹیم کا اعلان

سہ فریقی سیریز اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے قومی ویمنز ٹیم کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ  نے اعلان کیا ہے کہ فاطمہ ثناء آئرلینڈ میں ہونے والی سہ فریقی سیریز اور آئندہ آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان ویمنز ٹیم کی قیادت کریں گی۔

ویمنز نیشنل سلیکشن کمیٹی نے دونوں ایونٹس کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان، آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سہ فریقی سیریز 28 مئی سے 4 جون تک ڈبلن میں کھیلی جائے گی، جس میں پاکستان چار میچز کھیلے گا۔ یہ ٹورنامنٹ 12 ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے اہم تصور کیا جا رہا ہے، جو 12 جون سے 5 جولائی تک انگلینڈ اور ویلز میں منعقد ہوگا۔

منتخب 15 کھلاڑیوں میں ایمن فاطمہ، نتالیہ پرویز، رمین شمیم، سائرہ جبین اور تسمیہ رباب پہلی مرتبہ آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کریں گی۔ 24 سالہ فاطمہ ثناء اپنے تیسرے ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کریں گی اور مسلسل دوسری بار ٹیم کی قیادت کریں گی۔ اس سے قبل انہوں نے 2024 میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ورلڈ کپ میں بھی کپتانی کی تھی۔

پاکستان ویمنز ٹیم نے حال ہی میں کراچی میں زمبابوے کے خلاف ٹی20 سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3-0 سے کلین سوئپ کیا تھا، جس سے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے اور بڑے ایونٹس کی تیاری کا موقع ملا۔

ورلڈ کپ سے قبل پاکستان ٹیم دو وارم اپ میچز بھی کھیلے گی۔ پہلا میچ 6 جون کو سری لنکا جبکہ دوسرا 9 جون کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف ڈربی میں ہوگا۔

پاکستان اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف 14 جون کو برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں کھیلے گا۔ دوسرا میچ 17 جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف اسی مقام پر ہوگا۔

اس کے بعد پاکستان 20 جون کو ساؤتھمپٹن میں بنگلہ دیش، 23 جون کو لیڈز کے ہیڈنگلے گراؤنڈ میں آسٹریلیا، جبکہ 27 جون کو برسٹل میں نیدرلینڈز کے خلاف گروپ مرحلے کا آخری میچ کھیلے گا۔

ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی، جو 30 جون اور 2 جولائی کو کھیلے جائیں گے، جبکہ فائنل 5 جولائی کو لارڈز کرکٹ گراؤنڈ لندن میں ہوگا۔

پاکستان ویمنز ٹیم کا 15 رکنی اسکواڈ:

فاطمہ ثناء (کپتان)، عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، ایمن فاطمہ، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی صدیقی (وکٹ کیپر)، نشرا سندھو، نتالیہ پرویز، رمین شمیم، سعدیہ اقبال، سائرہ جبین، تسمیہ رباب اور طوبیٰ حسن۔

ریزرو کھلاڑی:

عنبر کائنات، مومنہ ریاست، صدف شماس، سعدیہ امین، سیدہ عروب شاہ اور امِ ہانی۔

-- مزید آگے پہنچایے --