وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کا پہلا پانڈا بانڈ اجرا ملک کے مالیاتی ڈھانچے میں ایک انقلابی قدم ہے اور پاکستان چین اقتصادی تعاون میں ایک نئے باب کا آغاز ہے۔
بیجنگ میں پانڈا بانڈ اجرا کی تقریب کے بعد چائنا گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک (CGTN) کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ یہ کامیاب اجرا چینی اداروں اور عالمی سرمایہ کاروں کے پاکستان کی معاشی استحکام، اصلاحاتی ایجنڈے اور معاشی سمت پر بڑھتے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پانڈا بانڈ کا اجرا نہ صرف پاکستان کی مالی حکمتِ عملی کے لیے اہم ہے بلکہ یہ چینی کرنسی رینمنبی (RMB) کی بین الاقوامی حیثیت میں بھی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تقریباً ایک چوتھائی دوطرفہ تجارت پہلے ہی RMB اور چینی یوان (CNY) میں طے ہو رہی ہے، جو مالیاتی انضمام اور اقتصادی شراکت داری میں اضافے کی نشاندہی کرتا ہے۔
وزیرِ خزانہ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی اسٹریٹجک ترجیحات رابطوں، تجارت، سرمایہ کاری اور پائیدار معاشی ترقی کے فروغ میں ایک دوسرے کے قریب ہیں۔