پاکستان کے امن اقدام کی حمایت پر وزیراعظم قطر کے مشکور

پاکستان کے امن اقدام کی حمایت پر وزیراعظم قطر کے مشکور

وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کی جانب سے پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتکاری اور مذاکرات پر یقین رکھتا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی سے ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون اور مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

گفتگو کے دوران خطے میں جاری کشیدگی اور پاکستان کی جانب سے امن کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے امن اقدام کی حمایت پر قطر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان تنازعات کے پُرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کو ہی مؤثر راستہ سمجھتا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ جنگ بندی برقرار رکھنے، مزید کشیدگی روکنے اور خطے میں استحکام کی بحالی کے لیے عالمی برادری کو اپنی کوششیں جاری رکھنی چاہئیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

-- مزید آگے پہنچایے --