بھارت کی انتہاپسندانہ سوچ نے خطے کو جنگوں کی طرف دھکیلا،آئی ایس پی آر

بھارت کی انتہاپسندانہ سوچ نے خطے کو جنگوں کی طرف دھکیلا،آئی ایس پی آر

افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کے سربراہ کا حالیہ بیان اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ آٹھ دہائیاں گزرنے کے باوجود بھارتی قیادت نہ تو نظریہ پاکستان کو تسلیم کر پائی ہے اور نہ ہی اس نے کوئی سبق حاصل کیا ہے۔

بھارتی آرمی چیف کے ایک انٹرویو میں دیے گئے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت کی تکبرانہ، انتہا پسندانہ اورجنگی جنون پر مبنی سوچ نے جنوبی ایشیا کو کئی بار جنگوں اور بحرانوں کی طرف دھکیلا ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایک خودمختار ایٹمی پڑوسی ملک کو "جغرافیہ” سے مٹانے کی دھمکیاں دینا کوئی سٹرٹیجک چال یا جارحانہ سفارتکاری نہیں بلکہ یہ شعورکی پسماندگی، پاگل پن اور جنگی جنون کی انتہا ہے جبکہ بھارت اس حقیقت سے واقف ہے کہ جغرافیائی طور پر مٹانے کا یہ عمل یقینا دونوں ملکوں کی باہمی تباہی کا باعث بن سکتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ذمہ دار ایٹمی ریاستیں تحمل، پختگی اور سٹرٹیجک سنجیدگی کا مظاہرہ کرتی ہیں اوروہ تہذیبی بالادستی یا کسی قوم کو صفحہ ہستی سے مٹانے جیسی زبان استعمال نہیں کرتیں۔

-- مزید آگے پہنچایے --