نئے صوبوں کے قیام پر تعمیری بحث ہونی چاہیے، عطاء اللہ تارڑ

10

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر تعمیری بحث کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامی اصلاحات سے متعلق فیصلوں میں عوامی رائے کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔

ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے آج کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بہتر طرز حکمرانی اور جوابدہ حکومت عوام کے بنیادی مطالبات میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبوں کی ازسرنو تشکیل اور گورننس میں بہتری سے متعلق بحث جمہوری اور سیاسی عمل کا حصہ ہے، جس کی حوصلہ شکنی نہیں ہونی چاہیے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نئے صوبے بنانے یا نہ بنانے کا فیصلہ عوام خود کریں، کسی بھی سیاسی جماعت کو اس معاملے پر عوامی رائے لینے پر تحفظات نہیں ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم عوام کی خواہشات جاننے کا ایک آئینی اور قانونی طریقہ کار ہے اور اس میں کوئی حرج نہیں۔ منتخب نمائندے بھی اپنے اختیارات عوام سے حاصل کرتے ہیں اور حتمی فیصلہ کرنے کا اختیار عوام ہی کے پاس ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے سیاسی حلقوں پر زور دیا کہ چھوٹی انتظامی اکائیوں کے قیام کے معاملے کو تنازع بنانے کے بجائے تعمیری انداز میں دیکھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے عوام پر ان کی مرضی جانے بغیر کسی کی ذاتی رائے یا ایجنڈا مسلط نہیں کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ قومی مفاد اور عوامی فلاح کے لیے عوامی رائے کی بنیاد پر اجتماعی کوششوں کے ذریعے فیصلے کیے جانے چاہئیں۔ انتظامی اصلاحات پر جاری بحث کو کھلا رہنا چاہیے اور ایسا تاثر نہیں جانا چاہیے کہ عوامی رائے کو دبایا جا رہا ہے۔

میڈیا کی آزادی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اہم اقدامات کیے گئے ہیں اور حکومت مستقبل میں بھی صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں