پاکستان اور ترکیہ نے دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے اور باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ترک فضائیہ کے سربراہ جنرل رفعت دالکیران نے آج (منگل) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور پاکستان و ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور اسٹریٹجک تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کی مسلح افواج کے درمیان مضبوط دفاعی شراکت داری کو سراہا۔
ترک فضائیہ کے سربراہ نے بھی دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کو سراہا۔
ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات اور دفاعی تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔

