نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مسجدِ اقصیٰ/الحرم الشریف کے تقدس کی مسلسل پامالی اور مقبوضہ مشرقی بیت المقدس کی تاریخی و قانونی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
نیویارک میں بیت المقدس کے حوالے سے عرب لیگ اور چار اسلامی ممالک کے مشترکہ وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بیت المقدس میں اسلامی و مسیحی مقدس مقامات کی ہاشمی تولیت کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد، خودمختار اور متصل فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
دریں اثنا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی نیویارک میں 81ویں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے موقع پر اردن کے نائب وزیراعظم ایمن الصفدی سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی صورتحال اور پاکستان اردن تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

