پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کل اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں روایتی حریف انڈیا کا مقابلہ کرنے کے لیے ُپراعتماد دکھائی دیتی ہے۔
آٹھ ٹیموں کا یہ ٹورنامنٹ سری لنکا کے شہر دمبولا کے رانگیری دمبولا انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔ آٹھ ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
گروپ اے میں پاکستان ، انڈیا ، نیپال اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، ملائیشیا ، تھائی لینڈ اور میزبان سری لنکا شامل ہیں۔ ہر گروپ سے دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی ، فائنل 28 جولائی کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان ویمنز ٹیم اپنی مہم کا آغاز افتتاحی روز انڈیا کے خلاف کرے گی۔ اس سے پہلے نیپال اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ کھیلا جائے گا۔ پاکستان ٹیم 21 جولائی کو نیپال اور 23 جولائی کو متحدہ عرب امارات کے خلاف گروپ کے بقیہ دو میچ کھیلے گی۔
اکتوبر 2022 میں بنگلہ دیش کے شہر سلہٹ میں منعقدہ اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے آخری ایڈیشن میں پاکستان چار ٹاپ ٹیموں میں شامل تھی ۔اسے سیمی فائنل میں سری لنکا کے خلاف سخت مقابلے کے بعد صرف ایک رن سے شکست ہوئی تھی۔
پاکستان ٹیم کراچی میں پانچ سے سولہ جولائی تک ہونے والے کیمپ میں سخت پریکٹس کے بعد دمبولا آئی ہے اور کپتان ندا ڈار کا ٹیم کی تیاریوں کے بارے میں پراعتماد انداز میں کہنا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ ٹیم ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ کپتان کے طور پر وہ اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کی منتظر ہیں۔ کھلاڑیوں نے کیمپ میں بہت محنت کی ہے اور ٹیم کی تمام کمزوریوں کو دور کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ہمارا مقصد مثبت اور بے خوف کرکٹ کھیلنا ہے۔ ہم اپنی اپروچ میں مثبت رہنے اور یہاں کی کنڈیشنز کی ضروریات کے مطابق اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ پی سی بی نے ٹورنامنٹ سے قبل ٹیم مینجمنٹ میں تبدیلی کرتے ہوئے محمد وسیم کو ہیڈ کوچ جبکہ جنید خان اور عبدالرحمن کو بالترتیب اسسٹنٹ اور اسپن بولنگ کوچ مقرر کیا ہے۔
پاکستان اسکواڈ ۔
ندا ڈار (کپتان) ، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا ، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ ، تسمیہ رباب اور طوبیٰ حسن
پاکستان کے گروپ اے کے میچز۔
19 جولائی: بمقابلہ انڈیا۔ ( پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے ) ۔
21 جولائی: بمقابلہ نیپال ( پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے)۔
23 جولائی: بمقابلہ متحدہ عرب امارات ( پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے )۔