آج قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے دوران آئی ٹی برآمدات کا حجم ساڑھے چار ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزیر شزہ فاطمہ نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ آئی ٹی برآمدات میں بیس فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سال میں ملک کی آئی ٹی برآمدات دگنا ہوگئی ہیں۔
وفاقی وزیر نے آئی ٹی کے شعبے میں انسانی وسائل کی ترقی کیلئے جاری اقدامات پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔
پارلیمانی امور کے وزیر طارق فضل چودھری نے ایوان کو بتایا کہ قومی ہنگامی امدادی ادارے نے موسم کی بروقت پیشگوئی کیلئے جدید ترین نظام تیار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہنگامی امداد کے صوبائی اداروں کو ان پیشگوئیوں سے آگاہ کیا جاتا ہے تاکہ خراب موسمی صورتحال میں ہونے والے نقصانات سے بچاو میں مدد ملے۔
غربت میں کمی اور سماجی تحفظ کے وزیر سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ایک کروڑ سے زائد خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کررہا ہے۔
پٹرولیم ڈویژن کے پارلیمانی سیکرٹری میاں خان بگٹی نے ایک توجہ دلاو نوٹس کے جواب میں کہا کہ اس وقت پٹرولیم مصنوعات پر کوئی جی ایس ٹی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے کوشاں ہے اور موٹرسائیکل سواروں کو پٹرول پر سبسڈی دی جارہی ہے۔
اپوزیشن ارکان کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے امور داخلہ کے وزیر مملکت طلال چودھری نے اس تاثر کو سختی سے مسترد کردیا کہ متحدہ عرب امارات سے پاکستانیوں کو واپس بھیجا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو رواں ماہ سعودی عرب کے بعد سب سے زیادہ ترسیلات زر متحدہ عرب امارات سے موصول ہوئی ہیں۔
ایوان کا اجلاس اب کل دن گیارہ بجے ہوگا۔