بلاول بھٹو زرداری نے سندھ یوتھ کارڈ کا افتتاح کر دیا، ایک لاکھ نوجوان مستفید ہوں گے

8

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں ایک تقریب کے دوران سندھ یوتھ کارڈ کا افتتاح کر دیا، جس کے تحت ابتدائی مرحلے میں صوبے کے ایک لاکھ نوجوانوں کو مختلف سہولیات اور نئے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

پروگرام کے تحت سندھ کے تمام 30 اضلاع سے تعلق رکھنے والے 15 سے 29 سال کی عمر کے رجسٹرڈ نوجوان ڈیجیٹل بینکنگ، اسکالرشپس، فنی تربیت اور روزگار کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

سندھ یوتھ کارڈ کے حامل نوجوانوں کو 180 سے زائد کاروباری مراکز پر خصوصی رعایتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے سندھ یوتھ کارڈ کو ایک انقلابی اقدام قرار دیا اور نوجوانوں کی ترقی و خوشحالی کے لیے سندھ حکومت کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو مختلف سہولیات اور مواقع تک رسائی حاصل ہوگی۔ بلاول بھٹو نے صوبائی حکومت کے زرعی شعبے میں اقدامات کو بھی اجاگر کیا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے ملک کو درپیش چیلنجز اور جاری علاقائی بحرانوں کے تناظر میں سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ قومی مسائل کے حل اور ملک کو درپیش مشکلات سے نمٹنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مل کر کردار ادا کرنا چاہیے۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں