ملائیشیا کا پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

7

ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات، بالخصوص دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات آج پتراجایا میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کے دوران کہی، جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔

ملائیشین وزیراعظم نے فیلڈ مارشل کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور تعاون کو سراہا۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، دفاعی و سلامتی تعاون اور خطے سمیت عالمی سطح پر بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر اپنی آرا کا تبادلہ کیا اور علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنوب مشرقی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ملائیشیا کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط مزید مستحکم بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں فریقین نے اعلیٰ سطح کے باقاعدہ تبادلوں، فوجی تعاون میں اضافے اور علاقائی و عالمی سلامتی کے امور پر مسلسل مکالمے کے ذریعے دفاعی تعلقات مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔

فیلڈ مارشل کی ملائیشیا کی وزارت دفاع، کوالالمپور آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ملائیشیا کی چیف آف ڈیفنس فورس جنرل تن سری حاجی ملک رزاق سلیمان، ملائیشین آرمی، رائل ملائیشین نیوی اور رائل ملائیشین ایئر فورس کے سربراہان بھی موجود تھے۔

فیلڈ مارشل نے ملائیشیا کے وزیر دفاع داتو سری محمد خالد بن نوردین سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، بالخصوص دوطرفہ دفاعی تعاون کے فروغ، دونوں ممالک کی افواج کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے پر گفتگو ہوئی۔

فیلڈ مارشل نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر ملائیشیا کا دورہ بھی کریں گے، جہاں ایک باضابطہ تقریب میں انہیں ادارے کے ممتاز ہال آف فیم میں 21ویں رکن کی حیثیت سے شامل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دفاعی اور عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے سرکاری دورے پر ملائیشیا میں ہیں۔

ملائیشین وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم نے ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ملائیشین آرمڈ فورسز اسٹاف کالج کے ہال آف فیم میں شامل ہونے پر مبارکباد بھی دی۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں ملائیشین وزیراعظم نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے مغربی ایشیا میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں اور عالمی بحری سلامتی کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے سرحدی کشیدگی کے حل کے لیے قومی خودمختاری کے احترام اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے مکالمے اور تحمل کو ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

انور ابراہیم کے مطابق ملائیشیا اور پاکستان نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے، بشمول ترکیہ کے ساتھ سہ فریقی تعاون، کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ دونوں ممالک نے بحری سلامتی اور انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں میں تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

ملائیشین وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں امن، استحکام اور اجتماعی سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان قریبی تعاون نہایت اہم ہے۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں