نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ منڈیوں کی صورتحال پر گہری نظر رکھیں اور گندم کی مناسب مقدار میں فراہمی اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان یقینی بنائیں۔
وہ آج اسلام آباد میں گندم سے متعلق رہبر کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
اسحاق ڈار نے اس امر پر زور دیا کہ گندم کے وافر ذخائر برقرار رکھنا اور اناج کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ دور کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو مناسب قیمتوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان بہتر رابطہ ناگزیر ہے۔

