پاکستان اور قطر نے دوطرفہ اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری پر مبنی شراکت داری کو فروغ دینے اور مشترکہ ٹاسک فورس کے لائحہ عمل کے تحت پیش رفت یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اس عزم کا اظہار دوحہ میں پاکستان اور قطر کی تجارت و سرمایہ کاری سے متعلق مشترکہ ٹاسک فورس کے دوسرے اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت وزیر تجارت جام کمال خان اور قطر کے خارجہ تجارتی امور کے وزیر ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے مشترکہ طور پر کی۔
وفاقی وزیر نے قطر کو زراعت، اناج ذخیرہ کرنے کی سہولیات، سائلوز، کولڈ اسٹوریج، مربوط کولڈ چین نظام، زرعی ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
قطر نے دونوں ممالک کے درمیان شہری ہوا بازی اور فضائی آمدورفت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
بعد میں وزیر تجارت نے دوحہ میں عالمی سرمایہ کاری فورم کی سربراہ نان لی کولنز سے ملاقات کی۔
ملاقات میں علاقائی تعاون کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار اور ابھرتے ہوئے عالمی مسائل کے تناظر میں علاقائی اقتصادی انضمام مضبوط بنانے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

