ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے زرکانی میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔ سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں نائیک غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر متعدد دہشت گرد حملوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
علاقے میں کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔
ملک کے دفاع میں بہادر جوانوں کی قربانیاں قومی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

