وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے تحمل، کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی رابطوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وزیراعظم نے یہ بات نیویارک میں 81ویں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے موقع پر ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کے دوران کہی۔
ملاقات میں وزیراعظم نے طویل عرصے سے جاری تنازع پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (MoU) پر عملدرآمد کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مخلصانہ اور تعمیری کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے دیرینہ اور قریبی تعلقات کا بھی اعادہ کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور پاکستان ایران تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
دونوں جانب سے علاقائی امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے باقاعدہ مشاورت اور قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور معاون خصوصی طارق فاطمی سمیت دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

