وزیراعظم شہباز شریف کی انتونیو گوتریس سے ملاقات، اقوام متحدہ کے کردار پر زور

4

 وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کثیرالجہتی نظام اور عالمی امن و ترقی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کے لیے پُرعزم ہے۔

وزیراعظم نے یہ بات اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے نیویارک میں 81ویں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے موقع پر ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں سے پاکستان کی وابستگی کا اعادہ کیا اور انتونیو گوتریس کی قیادت کو سراہا۔

ملاقات میں مشرق وسطیٰ سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو اہم قرار دیتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

شہباز شریف نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور آزاد ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی حمایت بھی دہرائی اور اپنے پڑوس میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کے رجحان پر عالمی سطح پر مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورتحال اور افغان سرزمین سے ہونے والی دہشتگردی میں اضافے پر بھی گفتگو کی۔

اس موقع پر انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مؤثر کردار، عالمی امن و سلامتی کے لیے اس کی خدمات اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور قربانیوں کی بھی تعریف کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں