لاہور میں 10 جولائی سے قومی ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ کا آغاز ہوگا

9

 پاکستان کے بہترین مرد اور خواتین ویٹ لفٹرز 10 سے 15 جولائی تک لاہور میں منعقد ہونے والی قومی ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ 2026 میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ چیمپئن شپ کا انعقاد پاکستان اسپورٹس بورڈ (PSB) نیشنل ٹریننگ اینڈ کوچنگ سینٹر، لاہور میں کیا جائے گا، جہاں ملک بھر سے مختلف محکموں، صوبوں اور علاقائی ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشنز کے ایلیٹ اور ابھرتے ہوئے کھلاڑی شرکت کریں گے۔

پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کی عبوری کمیٹی کے زیر اہتمام ہونے والی اس چیمپئن شپ کا مقصد مرد و خواتین ویٹ لفٹرز کو یکساں مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرتے ہوئے اپنے متعلقہ محکموں، ایسوسی ایشنز اور کلبوں کے لیے تمغوں اور چیمپئن شپ ٹرافیوں کا حصول یقینی بنا سکیں۔

چیمپئن شپ میں مردوں کے آٹھ ویٹ کیٹیگریز (60، 65، 71، 79، 88، 94، 110 اور +110 کلوگرام) جبکہ خواتین کے آٹھ ویٹ کیٹیگریز (48، 53، 58، 63، 69، 77، 86 اور +86 کلوگرام) میں مقابلے ہوں گے۔

ایونٹ کے پہلے روز ٹیموں کی آمد کے ساتھ پاکستان اینٹی ڈوپنگ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سہیل سلیم کی زیر نگرانی اینٹی ڈوپنگ سیمینار منعقد ہوگا، جس کے بعد ٹیم منیجرز کا اجلاس ہوگا۔ باقاعدہ مقابلوں کا آغاز 11 جولائی سے ہوگا، جبکہ ہر روز مقابلوں کے اختتام پر کامیاب کھلاڑیوں میں تمغے تقسیم کیے جائیں گے۔ چیمپئن شپ 15 جولائی کو ٹیموں کی روانگی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگی۔

پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن نے اس چھ روزہ قومی ایونٹ کی کوریج کے لیے اسپورٹس صحافیوں اور میڈیا اداروں کو دعوت دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ بھرپور میڈیا کوریج سے پاکستان میں ویٹ لفٹنگ اور صاف و شفاف کھیلوں کے فروغ میں مدد ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں