قائم مقام صدر گیلانی کا پاکستان، چین کے درمیان تجارت اور ٹیکنالوجی تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور

3

 قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت، ٹیکنالوجی، صاف توانائی اور پارلیمانی روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

وہ آج اسلام آباد میں پاکستان-چین اکنامک اینڈ کلچرل کونسل کے زیر اہتمام چین کی کمیونسٹ پارٹی کے قیام کی 105ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ خصوصی یادگاری سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔

سیمینار میں پاکستانی سیاسی رہنماؤں، ارکان پارلیمنٹ، سفارتکاروں، پالیسی ماہرین اور چینی سفارت خانے کے نمائندوں نے شرکت کی، جہاں صدر شی جن پنگ کے “تھنکنگ آن پارٹی بلڈنگ” اور پاک چین شراکت داری کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

قائم مقام صدر نے کہا کہ چین کی کمیونسٹ پارٹی کی قیادت میں چین کی غیر معمولی ترقی مضبوط اداروں، طویل المدتی منصوبہ بندی اور مؤثر طرز حکمرانی کی عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک صدی سے زائد عرصے میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا نے ادارہ جاتی استحکام کا مظاہرہ کرتے ہوئے چین کو غیر معمولی معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور کروڑوں افراد کو غربت سے نکالا، جو عالمی ترقی میں بھی اہم کردار ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کا “تھنکنگ آن پارٹی بلڈنگ” خود احتسابی، داخلی اصلاحات اور بدعنوانی کے خلاف مؤثر اقدامات پر زور دیتا ہے، جو خصوصاً ترقی پذیر ممالک کی سیاسی جماعتوں اور اداروں کے لیے قابلِ تقلید اصول ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مضبوط اور پائیدار اداروں کو عوام کے سامنے جوابدہ رہنا چاہیے، خود کو مسلسل بہتر بنانا چاہیے اور سیاسی استحکام کو عوامی فلاح و ترقی میں تبدیل کرنا چاہیے۔

قائم مقام صدر نے پاکستان اور چین کے تعلقات کو “آئرن برادرہڈ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ رشتہ باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور اسٹریٹجک تعاون پر استوار ہے۔

انہوں نے پاک چین تعلقات کی بنیاد رکھنے پر شہید ذوالفقار علی بھٹو، چیئرمین ماؤ زے تنگ اور وزیراعظم چو این لائی کے وژن کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعاون دفاع، تجارت، بنیادی ڈھانچے، تعلیم، صحت اور ثقافتی تبادلوں سمیت متعدد شعبوں تک پھیل چکا ہے۔

انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو علاقائی رابطہ کاری اور اقتصادی ترقی کا اہم محرک قرار دیتے ہوئے قدرتی آفات اور کورونا وبا کے دوران پاکستان کی بھرپور حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا۔

قائم مقام صدر نے سیمینار کے منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کے عوام کی جانب سے چین کی کمیونسٹ پارٹی اور چینی عوام کو پارٹی کے قیام کی 105ویں سالگرہ پر دلی مبارکباد بھی پیش کی۔

سیمینار سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی، چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ اور پاکستان-چین اکنامک اینڈ کلچرل کونسل کے صدر بایزید برہان اللہ کاکڑ نے بھی خطاب کیا، جبکہ تقریب میں چین کی کمیونسٹ پارٹی کی تاریخ اور ترقی پر خصوصی پریزنٹیشنز بھی پیش کی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں