پاکستان ویمنز اسکواڈز کا اعلان، فاطمہ ثنا ایشیا کپ اور ایشین گیمز میں کپتان مقرر

29

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈی پی ورلڈ ویمنز ایشیا کپ 2026 اور 20ویں ایشین گیمز کے ویمنز کرکٹ ایونٹ کے لیے 15 رکنی اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔

قومی ٹیم کی مستقل کپتان فاطمہ ثنا دونوں ٹورنامنٹس میں ٹیم کی قیادت کریں گی۔ فاطمہ ثنا نے دی ہنڈرڈ میں مصروفیت کے باعث سری لنکا کے خلاف ٹی20 سیریز میں شرکت نہیں کی تھی۔

آٹھ ٹیموں پر مشتمل ویمنز ایشیا کپ 28 اگست سے 13 ستمبر تک دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان گروپ اے میں بھارت، تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ، چین کے ساتھ شامل ہے، جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، انڈونیشیا، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔

پاکستان ایشیا کپ میں یکم ستمبر کو تھائی لینڈ، 5 ستمبر کو بھارت اور 7 ستمبر کو ہانگ کانگ، چین کے خلاف میچ کھیلے گا۔ سیمی فائنلز 10 اور 11 ستمبر جبکہ فائنل 13 ستمبر کو ہوگا۔

ایشین گیمز کے ویمنز کرکٹ ایونٹ میں پاکستان کو تھائی لینڈ کے ساتھ سیڈ کیا گیا ہے اور قومی ٹیم 17 ستمبر کو چوتھے کوارٹر فائنل میں تھائی لینڈ کے مدمقابل ہوگی۔ سیمی فائنلز 20 ستمبر جبکہ کانسی اور طلائی تمغوں کے میچز 22 ستمبر کو ہوں گے۔

پاکستان نے ایشین گیمز کے ویمنز کرکٹ ایونٹ میں 2010 اور 2014 میں طلائی تمغے جیتے تھے جبکہ 2022 کے ایونٹ میں چوتھی پوزیشن حاصل کی تھی۔

ایشیا کپ اسکواڈ میں فاطمہ ثنا (کپتان)، عائشہ ظفر، ایمان نصیر، ایمن فاطمہ، گل فیروزہ، مومنہ ریاضت، منیبہ علی صدیقی، ناجیہ علوی، نشرہ سندھو، سعدیہ اقبال، سائرہ جابین، شوال ذوالفقار، طوبیٰ حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔

ایشین گیمز کے اسکواڈ میں فاطمہ ثنا (کپتان)، عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ایمان نصیر، ایمن فاطمہ، گل فیروزہ، حمنہ بلال، مومنہ ریاضت، منیبہ علی صدیقی، نشرہ سندھو، سائرہ جابین، شوال ذوالفقار، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن اور ام ہانی شامل ہیں۔

پاکستان ویمنز ٹیم کا پری ٹورنامنٹ ٹریننگ کیمپ 16 اگست سے 25 اگست تک لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں