پاکستان میں ہاکی کا کھویا ہوا مقام بحال کرنے کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کی سرپرستی اور نجی شعبے کا تعاون ناگزیر ہے، احسن اقبال

9

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہاکی کا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی، باصلاحیت کھلاڑیوں کی سرپرستی اور کھیلوں کے فروغ میں نجی شعبے کی مؤثر شمولیت ضروری ہے۔
وہ پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم کے ساتھ نوجوانوں کی شمولیت اور روابط کے فروغ کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن اور وائٹل گروپ کے درمیان شراکت داری کی دستاویز پر دستخط کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہاکی پاکستان کی قومی شناخت اور کھیلوں کے شاندار ماضی کی علامت ہے۔ پاکستان میں ہاکی کا عالمی مقام دوبارہ حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہاکی کے سنہری دور کی بحالی کے لیے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو آگے لانا اور انہیں عالمی معیار کی تربیت فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ پاکستانی کھلاڑی ایک بار پھر عالمی میدانوں میں ملک کا پرچم بلند کر سکیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی میں نجی شعبے کی سرپرستی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ جب کھلاڑی معاشی مسائل اور مالی پریشانیوں سے آزاد ہوں گے تو وہ اپنی تمام تر توجہ اور توانائیاں کھیل پر مرکوز کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک کھلاڑی کی توجہ اس بات پر ہونی چاہیے کہ اگلا گول کیسے کرنا ہے، نہ کہ اس فکر میں کہ اپنے اخراجات کیسے پورے کرنے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جدید دور میں کھیلوں میں کامیابی کے لیے صرف قدرتی صلاحیت کافی نہیں بلکہ سائنس، ٹیکنالوجی اور اعداد و شمار کے مؤثر استعمال کو بھی اہمیت حاصل ہو چکی ہے۔ عالمی سطح پر نمایاں کارکردگی کے لیے کھلاڑیوں کی جسمانی فٹنس، ذہنی مضبوطی، نظم و ضبط اور مسلسل مشق کو فروغ دینا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کی کامیابی کے پیچھے مسلسل محنت، باقاعدہ مشق، نظم و ضبط اور اپنی کارکردگی پر غیر معمولی توجہ کارفرما ہوتی ہے۔ پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی جدید تربیتی طریقوں اور پیشہ ورانہ معیار کو اپناتے ہوئے عالمی مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانا ہوگا۔
احسن اقبال نے نارووال میں نیشنل اسپورٹس سٹی کے قیام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد پاکستان میں کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی کھیلوں کی سہولیات ایک ہی مقام پر فراہم کرنا تھا۔ نیشنل اسپورٹس سٹی نارووال میں 14 کھیلوں کے لیے عالمی معیار کی سہولیات موجود ہیں، جو کھلاڑیوں کو جدید ماحول میں تربیت حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔
وفاقی وزیر نے پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم کو نیشنل اسپورٹس سٹی نارووال کو اپنا مستقل تربیتی مرکز بنانے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو جدید تربیتی سہولیات اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکیں اور بین الاقوامی مقابلوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔


انہوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن اور وائٹل گروپ کے درمیان شراکت داری کو ملک میں ہاکی کے فروغ، نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے اور نئے ٹیلنٹ کو آگے لانے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومتی اداروں، کھیلوں کی تنظیموں اور نجی شعبے کے باہمی تعاون سے پاکستان ہاکی کی عظمت رفتہ بحال کرنے اور عالمی سطح پر اپنا مقام دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں