جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 نے پاکستان کو تیسرے ٹی20 میں 52 رنز سے شکست دے دی

39

جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 ٹیم نے پانچ میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم کو 52 رنز سے شکست دے کر سیریز میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی۔ نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے 158 رنز کا کامیابی سے دفاع کیا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔ کپتان میکے وین وورسٹ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 42 گیندوں پر 57 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 9 چوکے شامل تھے۔ انہوں نے ڈینیلی بوشوف کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے 76 رنز کی جارحانہ شراکت قائم کی۔ بوشوف نے صرف 20 گیندوں پر ناقابلِ شکست 39 رنز بنائے، جن میں 3 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

پاکستان نے ابتدا میں عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی ابتدائی تین وکٹیں صرف 33 رنز پر حاصل کر لیں، تاہم مڈل آرڈر نے اننگز سنبھال لی۔ پاکستان کی جانب سے ماہم نزاکت نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 29 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ماہ نور، ماہ نور زیب اور میمونہ خالد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

159 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور ابتدائی پانچ وکٹیں صرف 28 رنز پر گر گئیں۔ اس موقع پر عریشہ انصاری اور شہر بانو نے 37 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی، تاہم یہ کوشش ناکافی ثابت ہوئی۔

شہر بانو نے ایک بار پھر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 22 گیندوں پر 39 رنز بنائے، جس میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، جبکہ عریشہ انصاری نے 17 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی پوری ٹیم 18 اوورز میں 106 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ریسپیکٹ ماباسا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 9 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ میا لالور اور میلیسا وین ڈیر مروے نے بھی دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

میچ میں آل راؤنڈ کارکردگی پر جنوبی افریقہ کی کپتان میکے وین وورسٹ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں