پاکستانی ٹیم فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئی، پاکستان نے آخری میچ میں افغانستان کو 0-2 گولز سے شکست دے کر64 برس بعد کسی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔مالدیپ میں جاری ایونٹ میں اتوار کو کھیلے گئے آخری میچ میں پاکستانی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغانستان کو 0-2 گولز سے ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔
عمر نواز نے میچ کے 5ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جبکہ ہارون حمید نے میچ کے آخری لمحات میں دوسرا گول سکور کر کے ٹیم کی برتری دوگنی کر دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی،اسطرح پاکستان نے افغانستان کو 0-2 گولز سے ہرا کردوسری کامیابی کے ساتھ ایونٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کی،پاکستان نے اس سے قبل میزبان مالدیپ کو 0-3گولز سے زیر کیا تھا۔
پاکستانی ٹیم 64 سال بعد کسی بین الاقوامی فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچی ہے، پاکستان نے اس سے قبل 1962میں مردیکا کپ کا فائنل کھیلا تھا جس میں گرین شرٹس رنر اپ رہی تھی۔ واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ کے رائونڈ رابن مرحلے میں 7 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر رہی،گرین شرٹس نے تین میچز کھیلے،دو میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک میچ ڈراہوا۔









