آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نیوی نے اعلیٰ تیاری اور درست نشانہ لگانے کی صلاحیت کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے مقامی طور پر تیار کردہ بحری جہاز سے فائر کیے جانے والے اینٹی شپ میزائل کا لائیو فائر ٹیسٹ کامیابی سے مکمل کیا۔ میزائل نے تیز رفتاری اور طویل فاصلے پر اپنے ہدف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا۔
میزائل فائرنگ کا مشاہدہ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف (NI, NI(M), T Bt) نے معروف سائنسدانوں اور انجینئرز کے ہمراہ
کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ میزائل جدید ترین گائیڈنس سسٹم اور اعلیٰ درجے کی مَنیووریبلٹی سے لیس ہے، جو اسے بدلتے ہوئے حالات میں اہداف کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنانے، خطرات سے بچنے اور زیادہ درستگی کے ساتھ حملہ کرنے کی صلاحیت فراہم کرتا ہے۔ اس مقامی سطح پر تیار کردہ میزائل کی کامیاب آزمائش پاکستان نیوی کی تکنیکی مہارت اور آپریشنل تیاری کا مظہر ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تجربہ خطے میں سمندری سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے اور روایتی میدان میں قابلِ اعتماد بحری دفاع برقرار رکھنے کے پاکستان نیوی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
صدر مملکت، وزیرِ اعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز اور مسلح افواج کے سربراہان نے اس اہم کامیابی پر شریک یونٹس اور سائنسدانوں کو مبارکباد دی ہے۔