وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں چینی قونصلیٹ کا دورہ کرکے دوست ملک کے قونصل جنرل ژاؤ شیرین سے ملاقات کی اور شانگلہ حملے میں چینی باشندوں کی ہلاکت پر اظہار افسوس کیا۔مریم نواز نے شانگلہ حملے میں ہلاک چینی شہریوں کے اہل خانہ سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے باہمی تعاون اور اشتراک کار کا سلسلہ جاری رکھنے کےعزم کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورچین بے مثال دوست ہیں، بزدلانہ کارروائیوں سے دوستی متاثرنہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہا کہ چینی شہریوں پرحملہ ترقی و خوشحالی کو سبوتاژکرنے کی مذموم سازش ہے، پاکستانی قوم چینی بھائیوں پرحملے کے واقعہ پر رنجیدہ ہے، متاثرہ چینی خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
چین کے قونصل جنرل نے وزیراعلی مریم نواز کی تعزیت کے لئے آمد پر شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ 26 مارچ کو خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں بشام کے مقام پر گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ڈی آئی جی مالاکنڈ کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی مسافروں کی گاڑی سے ٹکرائی، گاڑی پر حملے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔ریجنل پولیس چیف محمد علی گنڈاپور نے غیرملکی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ایک خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چینی انجینئرز کے قافلے سے ٹکرا دی جو اسلام آباد سے صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے داسو میں اپنے کیمپ کی جانب جا رہے تھے۔