سندھ کے وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور اس کے حواریوں کی چیخیں بتا رہی ہیں کہ جنیوا کانفرنس نے ان کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے۔یہ بات ناصر حسین شاہ نے تحریکِ انصاف کو ایک بار پھر ہدفِ تنقید بناتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں کہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جنیوا کانفرنس کے بعد پی ٹی آئی نے بھی وہ ہی الزامات لگائے جو مودی کی حکومت نے لگائے تھے، قوم کی فلاح کے لیے فقیر بننا جعلی پیر بننے سے کہیں سے زیادہ بہتر ہے۔
اس سے قبل ٹوئٹ پر ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں عمران خان کا اصل غصہ یہ ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے گجرات کے قصائی ’مودی‘ کو پوری دنیا کے سامنے کیوں بے نقاب کیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ کاش عمران خان فضول باتیں کرنے سے پہلے بلاول بھٹو زرداری کی افغانستان کے لوگوں کے بارے میں کی گئی گفتگو سن لیتے۔ناصر حسین شاہ نے اپنے ٹوئٹ میں وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی اقوامِ متحدہ میں تقریر کا ویڈیو کلپ بھی شیئر کیا ہے۔