امریکا کیساتھ تعلیم کے شعبے میں روابط قائم کرنا نئے سال کی اولین ترجیح ہے، مسعود خان

امریکا کیساتھ تعلیم کے شعبے میں روابط قائم کرنا نئے سال کی اولین ترجیح ہے، مسعود خان

امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں مضبوط پاک امریکہ روابط قائم کرنا اور پاکستانی طلبا کو امریکہ کی اعلی ترین یونیورسٹیوں تک رسائی حاصل کرنے میں سہولت فراہم کرنا سال2023 میں ایک اولین ترجیح رہے گی۔

پاکستانی سفارت خانہ واشنگٹن میں یونیورسٹی آف بلتستان کے وفد سے ملاقات کے دوران مسعود خان نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں تعاون پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات کا ایک اہم ستون رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی یونیورسٹیوں اور کالجوں میں داخلہ لینے والے پاکستانی طلبا کی تعداد 17 فیصد اضافے کے ساتھ 8000 ہو گئی ہے تاہم ابھی بھی یہ خطے کے دیگر ممالک کے طلبا کی تعداد کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ ہم خاص طور پر سائنس ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی مضامین میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لیے کام کریں گے۔

پاکستان کے سفیر نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں دہائیوں پر محیط پاک امریکہ تعاون نے نہ صرف پاکستانی نوجوانوں کے لیے بے شمار مواقع پیدا کیے ہیں بلکہ دو نوں ملکوں کے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی تاثرات کو بہتر بنانے میں بھی مدد کی ہے۔

انہوں نے کہا ہم امریکی حکومت کے مشکور ہیں کہ انہوں نے پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے ہمارے ہونہار طلبا اور طالبات کے لئے امریکہ میں موجود دنیا کے معروف تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کی حوصلہ افزائی کرنے پر خصوصی توجہ دی ہے۔

مسعود خان نے کہا کہ جدید ترین تعلیمی اداروں تک رسائی ، جدید علوم کا سیکھنا اور بین الثقافتی تعلقات ہمارے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان کو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے میں مدد دیتے ہیں۔

بلتستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد نعیم خان نے پاکستانی سفیر کو یونیورسٹی آف بلتستان اور بوسٹن آرکیٹیکچرل کالج کے درمیان موجود تعلیمی روابط سے آگاہ کیا جس کا مقصد ثقافتی ورثہ کے انتظام کے نصاب، ڈیجیٹل آرکائیوز، نصاب کی معاونت، فیکلٹی کی تربیت اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینا ہے۔

مسعود خان نے یونیورسٹی آف بلتستان کی جانب سے امریکی جامعات اور تعلیمی اداروں سے تعاون کے فروغ کی کوششوں کو سراہا ۔پاکستانی سفیر نے یقین دلایا کہ پاکستانی سفارت خانہ یونیورسٹیوں کے مابین پارٹنرشپ کے فروغ کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

-- مزید آگے پہنچایے --