آرمی چیف کی تعیناتی پر سیاست کی جارہی ہے، بلاول بھٹو

آرمی چیف کی تعیناتی پر سیاست کی جارہی ہے، بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سیاست شروع  سے  لے کر  آج  تک ایک تعیناتی کے گرد گھومتی ہے،کافی عرصے سے آرمی چیف کی تعیناتی پر سیاست کی جارہی ہے۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑھ رہا ہےکہ تعیناتی پر غیر ضروری سیاست کی جا رہی ہے، ہمارے کسی اتحادی یا کسی کوبھی جلسوں میں ایسی باتیں نہیں کرنی چاہئیں، سب چیزوں کو آئین اور قانون کے مطابق چلنا چاہیے۔

 بلاول کا کہنا تھا کہ خان صاحب کی سیاست شروع دن سے آج تک اس ایک تعیناتی پر ہے، اس وقت سب کومعلوم ہےکہ معاشی حالات کیسے ہیں، سیلاب کے معاشی اور بجٹ پر بھی اثرات ہیں، سیلاب کی وجہ سے لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں، اتحادی حکومت ملک کو معاشی چیلنجز سے نکالنے کے لیے کام کر رہی ہے، پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اب پاکستان کی ترقی پر فوکس کرنےکے بجائے بیان بازی پر فوکس کیا جاتاہے،  یوکرین اور  روس کے درمیان جنگ کے اثرات ہم بھگت رہے ہیں، کورونا وائرس اور  یوکرین روس جنگ اور موسمی تبدیلیاں ہمیں متاثرکر رہی ہیں۔

-- مزید آگے پہنچایے --