نئے ڈی جی ایف آئی اے نے عہدے کا چارج سنبھال لیا

 نئے تعینات ہونے والے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محسن حسن بٹ، نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ ایف آئی اے کے سنئیر افسران نےان کا استقبال کیا۔افسران سے پہلی میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایمانداری، فرض شناسی اور قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جائے گا۔

پبلک سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔ عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی ایف آئی اے کا نصب العین ہوگا۔

ملک میں جاری سائبر کرائمز جیسے چیلنجز کو کنٹرول کرنا اولین ترجیح ہوگی۔ کسی کو بھی شہریوں کی عزت وقار کو مجروع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ جعلی، قابل اعتراض اور نفرت آمیز مواد شئیر کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے گا۔

انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے موثر حکمت عملی اپنائی جائے گئی اور اس گھناونے جرم میں ملوث انسانی سمگلروں کی گرفتاری کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئےکار لایا جائے گا۔ ملک کو درپیش بین الاقوامی مسائل کو نمٹنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور عالمی برادری میں پاکستان کے وقار کو بحال کیا جائے گا۔

ڈائریکٹر جنرل نے تفتیشی افسران اور سینیئر افسران کی پیشہ ورانہ ٹریننگز کے انعقاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی کے خلاف زیروٹالرنس پالیسی کے تحت اقدامات جاری رہیں گے اور پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی غفلت ولاپرواہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

-- مزید آگے پہنچایے --