انفارمیشن ٹیکنالوجی اورٹیلی مواصلات کی وزیرشزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف ، آزادجموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کو ملک کی ڈیجیٹل ترقی میں شامل کرنے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔وہ اسلام آباد میں نگران وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان، جسٹس(ر)یار محمد ناصر اور وزیر آئی ٹی غلام عباس سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہی تھیں۔ملاقات میں ڈیجیٹل نیشن پاکستان منصوبے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں نیشنل ڈیجیٹل ماسٹر پلان کی تیاری اور اس پر عملدرآمد بھی شامل ہے۔
فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ملک بھر میں جامع ڈیجیٹلائزیشن کی حکمتِ عملی کو تیز کیا جائیگا جس میں چاروں صوبوں کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان میں یکساں ڈیجیٹل ترقی کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوزکی جائے گی۔وفاقی وزیر نے پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کو ہدایت دی کہ گلگت بلتستان میں نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور خطے میں ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے کیلئے ایک جامع منصوبہ تیار کیا جائے۔