پاکستان نے فروری میں 42 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس حاصل کرلیا

پاکستان نے فروری میں 42 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس حاصل کرلیا

پاکستان نے رواں سال فروری میں بیالیس کروڑ ستر لاکھ ڈالر کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس حاصل کیا ہے جو گزشتہ سال مارچ کے بعد سب سے زیادہ ہے۔وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے ایکس ہینڈل پر ایک پوسٹ میں حالیہ اہم مثبت معاشی اشاریے پیش کرتے ہوئے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے آٹھ مہینوں میں ترسیلات زر میں گیارہ فیصد اضافہ ہوا۔ فروری میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں چوبیس فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔خرم شہزاد نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے آٹھ مہینوں میں آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کی برآمدات بیس فیصد اضافے کے ساتھ تقریباً تین ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

انہوں نے کہا بہتر درآمدی کوریج کے ساتھ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر چار سال کی بلند ترین سطح پر ہیں۔جنوری میں بڑے پیمانے پر مصنوعات سازی میں دوہرے ہندسے کی نمو ریکارڈ کی گئی جو تقریباً بارہ فیصد تک بڑھ گئی۔ رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں اس شعبے کی مجموعی ترقی چھ فیصد تک پہنچ گئی ہے۔مشیر خرم شہزاد نے کہا کہ پاکستان توانائی کی فراہمی میں مارچ اور اب اپریل کے بیشتر مہینے کو محفوظ بنانے میں کامیاب رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی اور علاقائی چیلنجز کے باوجود، بنیادی معاشی اصولوں کو مضبوط بنانے سے ذخائر کو مستحکم بنانے میں مدد مل رہی ہے تاکہ مستقبل کے چیلنجز کا مؤثر طریقے سے سامنا کیا جا سکے۔

-- مزید آگے پہنچایے --