نائب وزیراعظم کا امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ

نائب وزیراعظم کا امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ

نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے پیر کے روز اسلام آباد میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مسائل کے حل کے لیے پرامن راستے کو ترجیح دیتا ہے اور علاقائی ہم آہنگی کو فروغ دینا اس کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور دیگر اہم پیش رفت پر تبادلۂ خیال کیا۔ اسحاق ڈار نے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں مکالمہ، سفارت کاری اور مسلسل مشاورت کی اشد ضرورت ہے تاکہ کشیدگی میں کمی لائی جا سکے اور پائیدار استحکام کی راہ ہموار ہو۔

فریقین نے باہمی تعاون جاری رکھنے اور خطے میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

-- مزید آگے پہنچایے --