علاقائی کشیدگی میں مزید اضافے کو روکنا ناگزیر ہے، وزیرِاعظم 

علاقائی کشیدگی میں مزید اضافے کو روکنا ناگزیر ہے، وزیرِاعظم 

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے علاقائی صورتِ حال میں مزید بگاڑ کو روکنے اور سفارتی کوششوں کی بحالی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے۔

انہوں نے آج سلطنتِ عمان کے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا، جو اسرائیل کے ایران پر حملے اور اس کے بعد ہونے والی جھڑپوں کے باعث مزید سنگین ہو گئی ہے۔ ان حالات نے پورے خطے کے امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ یہ کشیدگی ایسے وقت میں بڑھی جب عمان کی معاونت سے امریکہ اور ایران کے درمیان تناؤ کم کرنے کے لیے سفارتی کاوشیں جاری تھیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ حالیہ حملوں نے نہ صرف نازک سفارتی عمل کو متاثر کیا بلکہ خطے میں مکالمے اور تناؤ میں کمی کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔

وزیرِاعظم نے سلطنتِ عمان کے مصالحتی کردار کو سراہتے ہوئے مسقط کی جانب سے مکالمے کے فروغ اور علاقائی و عالمی فریقوں کے درمیان اعتماد سازی کی تعمیری کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ عمان کی متوازن اور دور اندیش سفارت کاری خطے میں استحکام کا باعث رہی ہے۔

گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ قریبی رابطہ برقرار رکھیں گے اور خطے میں امن کی بحالی اور پائیدار استحکام کے لیے سفارتی اقدامات کی حمایت جاری رکھیں گے۔

-- مزید آگے پہنچایے --