وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستانی قوم اور سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں۔
وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے عوام نے ہمیشہ دہشت گردی کی لعنت کا مقابلہ عزم اور ہمت کے ساتھ کیا ہے اور وہ آئندہ بھی اس کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کی پالیسی یہ ہے کہ کسی بھی غیر ملکی شہری کے خلاف کارروائی اس وقت تک نہیں کی جائے گی جب تک کہ ان کے پاس درست قانونی دستاویزات موجود ہوں۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اس موقع پر کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعاون کے نئے دروازے کھولنے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔