نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے قوم پر زور دیا ہے کہ وہ ایسا پاکستان تعمیر کرنے کے عزم کی تجدید کرے جو علامہ اقبال کے ترقی پسند، پُرامن اور خوشحال پاکستان کے تصور کی حقیقی عکاسی کرے، جہاں انصاف، مساوات اور قانون کی حکمرانی بنیادی رہنما اصول ہوں۔
یومِ اقبال 9 نومبر 2026 کے موقع پر اپنے پیغام میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پوری قوم اپنے قومی شاعر اور مفکر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کو گہرے احترام کے ساتھ خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے۔ آج ہم ان کے اس وژن کو یاد کرتے ہیں جس نے پاکستان کی آزاد ریاست کی نظریاتی بنیاد فراہم کی۔
انہوں نے کہا کہ الگ وطن کے قیام سے بہت پہلے علامہ اقبال نے برصغیر کے لاکھوں مسلمانوں کی خواہشات کو آواز اور سمت دی۔ ان کے تاریخی خطبہ الہٰ آباد 1930ء اور لازوال شاعری نے مسلمانوں کی الگ شناخت کو اجاگر کیا اور ایک ایسے وطن کا تصور پیش کیا جہاں وہ اپنی تقدیر خود تشکیل دے سکیں۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ علامہ اقبال کا تصورِ خودی اور خود انحصاری آج بھی ہماری قومی جدوجہد کے بنیادی ستون ہیں۔ ان کی فکر ہمیں یاد دلاتی ہے کہ کسی قوم کی اصل طاقت اس کے اخلاقی کردار، فکری خودمختاری اور عوام کے عزم و حوصلے میں ہوتی ہے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ علامہ اقبال کا نوجوانوں کے لیے لازوال پیغام انہیں بلند عزائم اپنانے، جدت طرازی اور بامقصد قیادت کے لیے اعتماد اور حوصلہ فراہم کرتا ہے۔

