سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی کے جنوبی نواحی گاؤں موزک میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے دو ٹھکانوں کو کلیئر کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے مبینہ ٹھکانوں کے خلاف کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران مساجد میں قائم دہشت گردوں کے دو ٹھکانوں کو کلیئر کیا گیا، جہاں سے بڑی تعداد میں تیار شدہ دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات (آئی ای ڈیز)، دھماکا خیز مواد تیار کرنے کا سامان، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں نے مبینہ طور پر مساجد کو دھماکا خیز مواد ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کیا تھا، جبکہ وہاں تشدد کے مراکز بھی قائم کر رکھے تھے۔
آئی ایس پی آر نے ان اقدامات کو عبادت گاہوں کی بے حرمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور مذہب کی غلط تشریح و استعمال ناقابل قبول ہے۔
بیان کے مطابق علاقے میں سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ وہاں موجود دیگر مبینہ دہشت گرد ٹھکانوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔

