وزیراعظم کا نوجوانوں اور زرعی قرضوں کی حد 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کرنے کا اعلان

7

وزیراعظم شہباز شریف نے یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت انفرادی قرضوں کی حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کر دی ہے۔

وزیراعظم نے یہ اعلان نوجوانوں کے لیے قرضہ اسکیموں کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان اسکیموں اور حکومتی اقدامات سے متعلق آگاہی مہم شروع کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان ان مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور حکومت ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے، انہیں بااختیار بنانے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

وزیراعظم نے یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت 30 فیصد قرضے خواتین کے لیے مختص کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اس کے علاوہ قرض حاصل کرنے کے لیے کم از کم عمر کی حد 21 سال سے کم کرکے 18 سال کرنے کا فیصلہ کیا گیا، تاکہ نوجوان کاروبار شروع کرنے اور زرعی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے قابل ہو سکیں۔

وزیراعظم نے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کو ہدایت کی کہ نوجوانوں کو کاروباری مشاورت اور تکنیکی معاونت سمیت ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جائے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال ان اسکیموں کے تحت نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی کے لیے 292 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ جنوری 2023 سے اب تک نوجوانوں میں 313 ارب 90 کروڑ روپے کے قرضے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

اجلاس میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے، کاروباری مواقع پیدا کرنے اور زرعی شعبے میں ان کی شمولیت بڑھانے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں