سپریم کورٹ آف پاکستان میں نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کیخلاف حکومت کی اپیلوں کی سماعت آج ہو گی۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ سماعت کرے گا، جسٹس امین الدین، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس حسن اظہر رضوی بینچ کا حصہ ہوں گے، سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔
دوسری جانب سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کیس کی سماعت کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سپریم کورٹ میں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کیلئے درخواست دائر کر رکھی ہے، سابق وزیر اعظم نے جیل انتظامیہ کے ذریعے تحریری درخواست چیف جسٹس کو بھجوائی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 4 رکنی بینچ نے نیب ترامیم کو بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر کالعدم قرار دے کر سیاست دانوں کے 50 کروڑ سے کم مالیت کے کرپشن کیسز نیب کو منتقل کر دیئے تھے۔
فیصلے میں بے نامی کی تعریف، آمدن سے زائد اثاثوں اور بار ثبوت استغاثہ پر منتقل کرنے کی نیب ترامیم کالعدم قرار دی تھیں، عدالت عظمیٰ نے حکم دیا تھا کہ عوامی عہدوں پر بیٹھے تمام افراد کے مقدمات بحال کیے جاتے ہیں، فیصلے کیخلاف وفاق نے انٹرا کورٹ اپیلیں دائر کر رکھی ہیں۔