انگلینڈ کرکٹ ورلڈکپ جتوانے والے آل راؤنڈر بین سٹوکس نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کر دیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انگلش آل راؤنڈر نے لکھا کہ ون ڈے کرکٹ میں کل اپنا آخری میچ جنوبی افریقا کیخلاف کھیلوں گا۔
ریٹائرمنٹ سے متعلق بین اسٹوکس کا کہنا ہے کہ تینوں فارمیٹ میں کھیلنا میرے لیے مشکل ہورہا تھا، میری باڈی مصروف شیڈول ہونے کی وجہ سے ساتھ نہیں دے رہی، مجھے لگتا ہے کہ میں کسی قابل کھلاڑی کی جگہ لے رہا ہوں۔ اب میں اپنا سارا فوکس ٹیسٹ کرکٹ اور ٹی20 پر کرسکتا ہوں، فیصلہ مشکل ضرور ہے ، ون ڈے کرکٹ میں سو فیصد پرفارمنس نہیں دے پارہا تھا۔
یاد رہے کہ بین سٹوکس نے انگلینڈ کی طرف سے 104 ون ڈے میچز میں نمائندگی کی۔ اور وہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر آخری میچ کھیلیں گے۔ انہوں نے 2011ء میں ون ڈے میں ڈیبیو کیا تھا، اور اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے 2919 رنز بنائے۔
واضح رہے کہ انگلش آل راؤنڈر بین سٹوکس کو اس لیے بھی یاد رکھا جائے گا کہ انہوں نے انگلینڈ کو ڈرامائی انداز میں 2019ء کا ون ڈے ورلڈکپ جتوایا تھا۔