وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری نے پاکستان اوراٹلی کے درمیان تجارت اورسرمایہ کاری میں اضافے کے ذریعے تجارتی اوراقتصادی تعاون کے فروغ کی ضرورت پرزوردیاہے۔عالمی غذائی تحفظ کے لائحہ عمل کے بارے میں ہونے والے وزارتی اجلاس کے موقع پر نیویارک میں اٹلی کے اپنے ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے کہاکہ پاکستان باہمی مفاد پرمبنی تعلقات کو توسیع دینے اور انہیں مزیدگہراکرنے کے لئے پُرعزم ہے۔انہوں نے دونوں دوست ممالک کے درمیان دوستی اورخیرسگالی کے فروغ کے لئے پارلیمانی وفود کے تبادلوں سمیت اعلیٰ سطح کے رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت پربھی زوردیا۔مختلف کثیرالجہتی معاملات پردونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کاذکرکرتے ہوئے وزیرخارجہ نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں اٹلی کے ساتھ اشتراک پرزوردیا۔دونوں وزراء نے خوراک اورتوانائی کے تحفظ کے بحرانوں سمیت اہم عالمی امورپربھی تبادلہ خیال کیا۔بلاول بھٹوزرداری نے جغرافیائی وسیاسی کشیدگیوں کی وجہ سے بگڑنے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے موثرعالمی تعاون کی ضرورت پرزوردیاجو پاکستان سمیت ترقی پذیرممالک کے لئے خطرے کاباعث ہے۔