صدر مملکت کا پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور

11

اسلام آباد(سی این پی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے برطانیہ کے نومنتخب وزیراعظم اینڈی برنہم کو منصب سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے ایک بیان میں صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم اینڈی برنہم کی قیادت میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔

صدر آصف علی زرداری نے تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کے مکالمے، سفارت کاری اور پرامن ذرائع اختیار کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ فروری کے آخر سے دنیا، خصوصاً خلیجی خطہ، کشیدہ صورتحال سے گزر رہا ہے، ایسے میں پاکستان نے برادر ممالک کے تعاون سے خطے میں امن کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے۔

صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم اینڈی برنہم کی قیادت میں برطانیہ بھی موجودہ کشیدگی کے خاتمے اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (Islamabad Memorandum of Understanding) پر عملدرآمد کی بحالی کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے گا۔

صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم اینڈی برنہم کے لیے نئی ذمہ داریوں میں نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرپا تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں