پاکستان اور کینیڈا کا تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات مزید وسعت دینے پر اتفاق

14

 پاکستان اور کینیڈا نے نئے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور تحفظ کے معاہدے (Foreign Investment Promotion and Protection Agreement – FIPPA) کے ذریعے تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

یہ اتفاق رائے اسلام آباد میں دفتر خارجہ میں ہونے والے وفود کی سطح کے مذاکرات کے دوران سامنے آیا، جہاں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار جبکہ کینیڈا کی نمائندگی وزیر خارجہ انیتا آنند نے کی۔

مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس گفتگو میں کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے کہا کہ جدید سرمایہ کاری کا یہ فریم ورک جلد مکمل کیا جائے گا، جس سے دونوں ممالک میں کاروباری سرگرمیوں کو زیادہ اعتماد اور استحکام حاصل ہوگا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان تعلیم، توانائی، معدنیات، اہم معدنی وسائل، زراعت، انفراسٹرکچر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت ترجیحی شعبوں میں کینیڈین سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کینیڈین کمپنیوں کو پاکستان میں ابھرتے ہوئے سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت بھی دی۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ مذاکرات میں تعلیم، افرادی قوت کی نقل و حرکت، قونصلر امور، سائنس و ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی اور عوامی روابط کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دیرینہ اور ہمہ جہت تعلقات تاریخی روابط، عوامی تعلقات اور کینیڈا میں مقیم متحرک پاکستانی کمیونٹی کی بدولت مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک نے مسلسل رابطوں، ادارہ جاتی تعاون، باقاعدہ دوطرفہ مشاورت اور متعلقہ وزارتوں و اداروں کے درمیان روابط بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ اقتصادی تعاون کو دوطرفہ تعلقات کی اولین ترجیح قرار دیا گیا ہے۔

کینیڈا کی وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ زرعی تجارت میں مزید توسیع کے وسیع مواقع دیکھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ فصلی سال کے دوران پاکستان نے کینیڈا سے چار لاکھ ستر ہزار ٹن سے زائد کینولا درآمد کیا، جبکہ کینیڈا پاکستانی چاول، ٹیکسٹائل اور کھیلوں کا سامان سمیت دیگر مصنوعات کی درآمد میں بھی دلچسپی رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کینیڈا قابلِ تجدید توانائی، معدنیات اور اہم معدنی وسائل کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ ان کے مطابق کینیڈین کمپنی JCM Power کراچی الیکٹرک کے اشتراک سے جلد ہی 240 میگاواٹ کے دھابیجی ہائبرڈ ونڈ اینڈ سولر منصوبے پر کام شروع کرے گی، جبکہ Barrick Gold کی ریکوڈک منصوبے میں سرمایہ کاری بھی دونوں ممالک کے تعاون کی اہم مثال ہے۔

انیتا آنند نے اعلان کیا کہ کینیڈا انٹرپول، اقوام متحدہ اور دیگر اداروں کے ذریعے پاکستان میں سرحدی انتظام، انسداد دہشت گردی، مالیاتی جرائم کی روک تھام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تربیت کے لیے 22 لاکھ کینیڈین ڈالر سے زائد مالیت کے تین نئے سیکیورٹی منصوبوں میں سرمایہ کاری کرے گا۔

انہوں نے مزید اعلان کیا کہ کینیڈا 45 ملین ڈالر مالیت کے تین نئے ترقیاتی منصوبے بھی شروع کرے گا، جن کے تحت موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے، کمیونٹیز کی استعداد بڑھانے، بالخصوص لڑکیوں کی تعلیم، تولیدی صحت، خاندانی منصوبہ بندی اور حالیہ برسوں کی تباہ کن سیلابی صورتحال سے متاثرہ علاقوں کی بحالی میں معاونت فراہم کی جائے گی۔

کینیڈا کی وزیر خارجہ نے پاکستان کو جنوبی ایشیا میں ایک اہم شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے پاس تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے پرامن اور پائیدار حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں