قومی ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ 2026 لاہور میں منعقد ہوگی، ایشین گیمز کے لیے حتمی ٹرائلز بھی ہوں گے

12

 پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن (پی ڈبلیو ایل ایف) کی عبوری کمیٹی نے پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے تعاون اور منظوری سے قومی ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ 2026 کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔ چیمپئن شپ 10 سے 15 جولائی 2026 تک لاہور میں منعقد ہوگی۔

فیڈریشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ایونٹ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ٹریننگ اینڈ کوچنگ سینٹر لاہور میں منعقد ہوگا۔ یہ چیمپئن شپ 2026 میں جاپان کے شہر آئچی ناگویا میں ہونے والے 20ویں ایشین گیمز کے لیے پاکستان کی مردوں کی ٹیم کے حتمی انتخابی ٹرائلز کا بھی درجہ رکھتی ہے۔

چیمپئن شپ میں آرمی، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)، پولیس، ریلوے اور واپڈا سمیت مختلف سروسز و محکموں کی ٹیمیں جبکہ بلوچستان، خیبرپختونخوا، پنجاب، سندھ، آزاد کشمیر اور دیگر علاقائی ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشنز کے کھلاڑی شرکت کریں گے۔

مردوں کے مقابلے 60، 65، 71، 79، 88، 94، 110 اور پلس 110 کلوگرام کیٹیگریز میں جبکہ خواتین کے مقابلے 44، 48، 53، 58، 63، 69، 77 اور پلس 77 کلوگرام کیٹیگریز میں منعقد ہوں گے۔

ایونٹ کا آغاز 10 جولائی کو ٹیموں کی آمد، اینٹی ڈوپنگ آگاہی سیشنز اور کوچز، منیجرز و ٹیکنیکل آفیشلز کے اجلاسوں سے ہوگا، جبکہ مقابلوں کا سلسلہ 11 سے 14 جولائی تک جاری رہے گا۔

فیڈریشن نے تمام متعلقہ اداروں اور ایسوسی ایشنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی انٹریز 28 جون 2026 تک جمع کرائیں۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ جو کھلاڑی قومی چیمپئن شپ میں شرکت نہیں کریں گے، انہیں ایشین گیمز 2026 کے لیے قومی ٹیم کے انتخاب میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن نے تمام شرکاء پر زور دیا ہے کہ وہ انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ فیڈریشن (IWF)، اینٹی ڈوپنگ آرگنائزیشن پاکستان (ADOP) اور پاکستان اینٹی ڈوپنگ بورڈ (PADB) کے قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل کریں تاکہ صاف اور شفاف کھیل کو فروغ دیا جا سکے۔

قومی ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ کو ملک کے بہترین ویٹ لفٹرز کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ اسی ایونٹ کی بنیاد پر ایشین گیمز 2026 کے لیے پاکستان کی حتمی ٹیم کا انتخاب بھی عمل میں آئے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں