گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ اسلام آباد کی تاجر برادری کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے کر اور ٹیکس ادا کر کے معیشت کی ترقی میں مفید کردار ادا کر رہی ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ان کے اہم مسائل کو حل کرانے میں کردار ادا کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں گورنر ہاؤس پنجاب میں ان سے ملاقات کی۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ ایک فوکل پرسن نامزد کریں گے جو تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے آئی سی سی آئی کے ساتھ کام کرے گا۔ انہوں نے کہا وفاقی وزیر خزانہ سے بات کریں گے کہ وہ معیشت کے اہم معاملات پر آئی سی سی آئی سے مشاورت کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے چارٹر آف اکانومی کے لیے پہل کی تھی اور ایک بار اسے حتمی شکل دینے کے بعد حکومت کی تبدیلی سے اس پر عمل درآمد میں رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت معیشت کو مشکلات سے نکالنے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے سخت محنت کر رہی ہے اور امید ہے کہ ان کوششوں کے نتیجے میں معیشت جلد بحال ہو گی۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ آئی سی سی آئی خطے میں ایک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کیلئے کوشاں ہے لہذا انہوں نے تجویز دی کہ پنجاب حکومت اس اہم منصوبے کے لیے مناسب جگہ پر زمین فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کو پنجاب حکومت کے بزنس سے متعلقہ محکموں کے بورڈز میں نمائندگی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جڑواں شہروں میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے راولپنڈی رنگ روڈ اور آئی جے پی روڈ کی تکمیل کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کہوٹہ انڈسٹریل ٹرائنگل کی مین روڈ کو بہتر کرنے کی کوشش کرے کیونکہ موجودہ سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جس سے صنعتکاروں کو سامان کی نقل و حمل میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت چکوال، تلہ گنگ اور مری چیمبرز آف کامرس کو اپنے دفاتر کے قیام کے لیے زمین فراہم کرے۔ انہوں نے گورنر پنجاب کو آئی سی سی آئی کی ایک اہم تقریب میں شرکت کی دعوت دی جس کو قبول کر لیا گیا۔
آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ حکومت کو نئے صنعتی زونز پر خصوصی توجہ دینی چاہیے کیونکہ معیشت کی بہتری کے لیے صنعتی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کا فروغ اشد ضروری ہے۔
چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے لہذا حکومت کو زراعت کے شعبے کی ترقی پر بہتر توجہ دینی چاہیے جو معیشت کی جلد بحالی میں مددگار ثابت ہو گی۔
آئی سی سی آئی کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک نے کہا کہ معیشت کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لیے حکومتی اور ملک کے ممتاز بزنس مینوں کے نمائندگان پر مشتمل ایک تھینک ٹینک قائم کیا جائے۔
چیمبر کے سابق صدر ظفر بختاوری نے محمد بلیغ الرحمان کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ دوسروں کے لیے رول ماڈل ہیں۔
محمد شبیر، راجہ امتیاز، امیر حمزہ، فصیح اللہ خان، چوہدری محمد نعیم، خالد چوہدری، سیف الرحمان خان اور دیگر وفد میں شامل تھے۔