دہشتگردی سب سے بڑا مسئلہ، فوری آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے، فیصل کریم کنڈی

دہشتگردی سب سے بڑا مسئلہ، فوری آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے، فیصل کریم کنڈی

وزیرمملکت برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ دہشت گردی ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، اس سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پشاور میں واقعہ پر بروقت پہنچے، وزیر اعلی سندھ بھی پولیس لائن پہنچے، میں فی الفور مطالبہ کرتا ہوں آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے تاکہ ہمیں پولیس لائنز جیسے اور واقعات نہ دیکھنا پڑیں۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ہمیں غور کرنا چاہئے کہ ہم افغان پالیسی میں کیوں کامیاب نہیں ہو رہے، ہمیں نئی افغان پالیسی بنانے کی ضرورت ہے، 25 لاکھ لوگوں نے سوات میں نقل مکانی کی، اتنے کم وقت میں اتنی بڑی تعداد کی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ بہتری کے لیے ضروری ہے اپنی خامیاں ڈھونڈیں، آئی جی خیبر پختونخوا نے بتایا 1 ارب روپے اغوا برائے تاوان کی مد میں لئے گئے، کل ایک تماشا دیکھا، لوگ نکالے گئے ایک پیشی کے لئے، کہا جا رہا ہے مجھے پروٹوکول دیا جائے، ان کو کوئی یاد کرائے اب آپ وزیر اعظم نہیں، سابق وزیراعظم ہیں۔

فیصل کریم کا کہنا تھا کہ قانون سب کے لئے برابر ہونا چاہئے، ابھی تو بہت سفر رہتا ہے پی ٹی آئی بھائیوں کے لئے، جاگتے رہیں رات کسی بھی وقت عمران خان کے یو ٹرن کا چاند نظر آئے گا، جیل بھرو تحریک کے لئے لوگ نہیں مل رہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر خط لکھنے پر اگر صدر ایکشن لینے لگ جائے تو وہ صدر نہیں ٹائیگر فورس کا کارکن رہ جاتا ہے، جن لوگوں نے استعفے دیئے، واویلا کیا وہ بعد میں رونا شروع ہو گئے کہ استعفے منظور کیوں کیے، ان کو اپنی حقیقت پتا ہے، اس لیے عوامی میدان سے بھاگ رہے ہیں۔

-- مزید آگے پہنچایے --