وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہائیڈل پاور سے 60 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ایٹمی بجلی گھرکے تھری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کوئلے سے توانائی حاصل کرکے اربوں ڈالر کی بچت کی جاسکتی ہے، تھر کا کوئلہ سینکڑوں برس پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کر سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا پاکستان 27 ارب ڈالر کا ایندھن درآمد کر رہا ہے، اربوں ڈالر کا ایندھن درآمد کرنا بہت مشکل ہوتا ہے، پاکستان کو سستے ایندھن کی ضرورت ہے، شمسی توانائی بجلی کی ضرورت پوری کرنے میں بہت مددگار ہو سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا نواز شریف کے دور حکومت میں اس منصوبے کو حتمی شکل دی گئی تھی، اس منصوبے سے 1100میگاواٹ ایٹمی بجی حاصل ہو سکے گی، امید ہے دوست ملک چین فی میگا واٹ کی قیمت کم کرے گا، دیامر بھاشا اور داسو ڈیم کی تکمیل میں پانچ سال لگ سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان بہترین دوست ہیں، پاک چین دوستی 75 سال میں مضبوط ہوتی گئی ہے، چین نے جنگ اور امن میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، سی پیک منصوبے پر نواز شریف کے دور میں دستخط ہوئے، سی پیک منصوبے سے پاکستان میں ہزاروں میگا واٹ بجلی بن رہی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا ماضی میں کچھ مشکلات تھیں کچھ خود پیدا کردہ تھیں، ماضی کی مشکلات کی وجہ سے سی پیک میں تاخیر ہوئی، پوری امید ہے پاک چین تعلقات سے سی پیک منصوبے آگے بڑھیں گے۔
ان کا کہنا تھا ایندھن کی درآمد میں اربوں ڈالر کی بچت سے پاکستان آگے بڑھ سکتا ہے، پاکستان میں ہائیڈل پاور سے 60 ہزار میگاواٹ پیداوار کی صلاحیت ہے، اگلے منصوبوں کے لیے چین کے ساتھ اور آگے بڑھیں گے۔