ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ فلسطینی ریاست پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔اپنے ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان فلسطینیوں کی اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا پر شدید تشویش ہے، قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر 3 سے 4 فروری تک سری لنکا کا دورہ کریں گی، اس دوران وہ سری لنکن حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
ایک اور بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ حکومت نے پشاور دہشت گرد حملے کی تحقیقات شروع کی ہیں، دہشتگرد حملے میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، پاکستان عبوری افغان حکومت سے تعاون کی توقع کرتا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی پاکستان اور افغانستان کیلئے مشترکہ خطرہ ہے، امید کرتے ہیں کہ کوئی ملک اپنی سر زمین پاکستان میں دہشتگردی کیلئے استعمال نہیں ہونے دے گا، امید ہے عبوری افغان حکومت بین الاقوامی کمیونٹی کے ساتھ اپنے وعدے پورے کرے گی۔