پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رانجل دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے

9

پرتگال کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور پاؤلو رانجل دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ ایئرپورٹ پر وزارت خارجہ کی ایڈیشنل سیکرٹری یورپ سفیر عائشہ علی نے ان کا استقبال کیا۔

پرتگالی وزیر خارجہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان آئے ہیں۔ پاکستان اور پرتگال کے درمیان 7 نومبر 1949ء کو قائم ہونے والے سفارتی تعلقات کے 77 سال مکمل ہونے کے موقع پر یہ دورہ اہمیت کا حامل ہے۔

دورے کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار پرتگالی وزیر خارجہ سے ون آن ون ملاقات کریں گے، جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات اور مشترکہ پریس کانفرنس بھی ہوگی۔

مذاکرات میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لینے کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ زراعت، بالخصوص زیتون کی کاشت اور پراسیسنگ، قابل تجدید توانائی، سمندری روابط، نقل مکانی اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوگی۔

دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے، جبکہ اقوام متحدہ اور دیگر کثیرالجہتی فورمز پر امن اور پائیدار ترقی کے لیے تعاون کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔

دورے کے موقع پر پاکستان پرتگال بزنس فورم بھی منعقد ہوگا، جس میں دونوں ممالک کی کمپنیوں کے درمیان کاروباری ملاقاتیں ہوں گی۔ ان ملاقاتوں میں زرعی و غذائی مصنوعات، قابل تجدید توانائی، ادویہ سازی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں تجارتی شراکت داری اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔

پرتگالی وزیر خارجہ کا یہ دورہ پاکستان اور پرتگال کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں